کاروار،2؍ جون (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں پچھلے کچھ دنوں سے کورونا پوزیٹیو معاملوں میں جو بڑھوتری نظر آرہی تھی اب اس میں کمی ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔ البتہ کووڈ سے ہونے والی اموات کی شرح میں ابھی کمی نہیں ہوئی ہے، جو ایک تشویشناک پہلو ہے۔
اس سے قبل شمالی کینرا پوزیٹیو کیسس کے معاملے میں ریاست میں دوسرے نمبر پر تھا مگر اب تازہ صورت حال کی وجہ سے یہ تیرہویں نمبر پرآگیا ہے۔ اس کے علاوہ روزانہ پوزیٹیو کیسس کی شرح کے اعتبار سے 10ویں نمبر کے بعد والے درجہ میں آگیا ہے۔ ویسے ریاستی سطح پر بھی پوزیٹیو معاملوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
کل منگل کے دن ضلع میں جملہ 345 پوزیٹیو کیسس سامنے آئے تھے اور دس مریض اس کورونا کی وجہ سے موت کا شکار ہوگئے تھے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کا کہنا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ابتدا میں کورونا جانچ کی مقدار بہت کم تھی۔ اس وجہ سے متاثرین کی تعداد بہت زیادہ بڑھ گئی تھی۔ مگر اب چونکہ روزانہ دو ہزار سے زیادہ افراد کی جانچ کی جارہی ہے، جس سے بیماری کی تشخیص اور علاج میں آسانی ہوگئی ہے اور یہی سبب ہے کہ پوزیٹیو معاملوں میں کمی ہونے لگی ہے۔ یہ ایک اطمینان بخش بات ہے۔ پھر بھی اس وباء پر قابو پانے کے لئے عوام کامزید تعاون بے حد ضروری ہے۔